فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کے تحت فیصل آباد میں میٹرو بس منصوبہ پر 24 گھنٹے تین شفٹوں میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری، جھنگ روڈ پر طاہر پورہ اور جڑانوالہ روڈ سے فیصل ٹائون سے سوساں روڈ چوک تک ہیوی مشینری سے روڈز کے دنوں اطراف باڑ لگا کر کھدائی اور ڈرلنگ کی جا رہی ہے، ممبر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زاہد سعید کی نگرانی میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (PMU) کے ڈپٹی ڈائریکٹر دلشاد احمد منصوبہ کی تکمیل کے لیے ہمہ وقت کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔ فیصل آباد کے میگا میٹروبس پراجیکٹ پر 80 ارب لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ 21 کلومیٹر تک روٹ پر 21 اسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے۔ جڑانوالہ روڈ سے جی سی یونیورسٹی تک فلائی اوور اور جھنگ روڈ پر طاہر پورہ تک روڈ پر میٹروبس منصوبہ بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے مذکورہ میگا منصوبہ کو 18ماہ میں تکمیل کرنے کا ٹارگٹ دے رکھا۔ جس پر جڑانوالہ روڈ اور جھنگ روڈ کے دونوں اطراف پر ہیوی مشینری سے کام چوبیس گھنٹے تین شفٹوں میں جاری ہے۔ جہاں پر واسا’ سوئی گیس’ فیسکو’ پی ٹی سی ایل اور دیگر محکمے میٹروبس ٹریک پر آنیوالے مسائل اور رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ ٹریفک پولیس’ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور محکمہ پولیس کے اہلکار بھی شہریوں کی سہولت کیلئے متبادل راستے پر گائیڈ کرتے ہیں۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے میٹروبس ٹریک پر ترقیاتی کام کے دوران متبادل راستے اور ہیوی ٹریفک کو بائی پاس روڈ پر منتقل کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو سفر کے دوران کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے اور عوام کو بھی چاہیے کہ وہ میٹروبس سروس روڈ کی تعمیر کے دوران ٹریفک اہلکاروں سے تعاون کرتے ہوئے متبادل راستے اختیار کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔




