فیصل آباد میں خونی ڈاکے،حساس ادارے کے ملازم اور 2بھائیوں کو گولیاں ماردی گئیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر حساس ادارے کے ملازم اور دو حقیقی بھائیوں کو گولیاں مار دیں، مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں کو پکڑنے میں ناکام رہی۔ تفصیل کے مطابق 195 رب جنڈانوالہ کا رہائشی حساس ادارے کا ملازم 32سالہ سلمان رضا دھنولہ سے ایف ڈی اے سٹی جا رہا تھا کہ راستے میں موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوئوں نے روک کر سب کچھ حوالے کرنے کو کہا تو اس نے مزاحمت کی تو اتھرے ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی، گولی سلمان رضا کے سر پر آنکھ سے آرپار ہو گئی اور وہ خون میں لت پت ہو کر گرا پڑا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل نشاط آباد رانا ندیم اور ایس ایچ او تھانہ ملت ٹائون سب انسپکٹر علی اکبر نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، تاہم ڈاکوئوں کا سراغ نہ لگا سکے۔ تھانہ روڈالہ روڈ کے علاقہ 272 گ ب میں دو بھائی 36سالہ عثمان اور 21سالہ سلیمان ڈیرہ پر مویشیوں کے پاس سوئے ہوئے تھے کہ ڈاکوئوں کا مسلح گروہ مویشی چوری کرنے کی نیت سے داخل ہوا، آہٹ سن کر دونوں کی آنکھ کھل گئی تو اتھرے ڈاکو دونوں بھائیوں کو گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر کے فرار ہو گئے۔ مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ پولیس اتھرے ڈاکوئوں کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں