فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد پریس کلب کی کابینہ کا اہم اجلاس صدر محمد بلال ڈوگر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں گروپ لیڈر شاہد علی نے خصوصی شرکت کی، جبکہ سیکرٹری شوکت وٹو نے باضابطہ طور پر اجلاس کی کارروائی کا آغاز کیا۔ اجلاس میں پریس کلب کے انتخابات بائیو میٹرک طریقہ کار کے تحت کرانے کی منظوری دی گئی اور ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر گروپ لیڈر شاہد علی نے کہا کہ انتخابات کے بعد اب اصل ذمہ داری ممبران کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، تمام عہدیداران کو چاہیے کہ وہ ممبران کے اعتماد اور ووٹ کا حق ادا کرتے ہوئے بھرپور خدمات انجام دیں۔ صدر بلال ڈوگر نے بتایا کہ فیصل آباد کے پرائیویٹ ہسپتالوں کے ساتھ ایم او یوز (MOU) سائن کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ممبران کو علاج معالجے میں خصوصی رعایت حاصل ہوگی، جبکہ مختلف کلینیکل لیبارٹریز کو بھی اس سہولت میں شامل کیا جائے گا۔ سیکرٹری شوکت وٹو نے کہا کہ صحافی کالونی کے قیام کے لیے کوششیں جاری ہیں اور انشااللہ رواں سال ممبران کو خوشخبری دی جائے گی۔ اجلاس میں پریس کلب کی رینوویشن اور ممبران کی فلاح کے لیے اہم فیصلے بھی کیے گئے، جن کا مقصد صحافی برادری کو بہتر سہولیات اور مثبت ماحول فراہم کرنا ہے ۔اجلاس میں سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید، نائب صدور زاہد محمود ڈوگر اور محمد کاشف، فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق، جوائنٹ سیکرٹریز عدیل مان اور علی رضا ملک، انفارمیشن سیکرٹری افشاں بتول، ایگزیکٹو ممبران رانا فضیل، علی حسن، منیبہ فاطمہ، رمشا طارق، رانا حنا جمیل، ارشد انصاری، ذاکر حسین، رانا زاہد اقبال، سجاد مصطفائی، ابرار حبیبی، ملک شوکت تبسم، شاہد محمود، ملک وحید، چیئرمین الیکشن کمیٹی میاں بشیر اعجاز اور محمد طاہر نے شرکت کی۔




