اسلام آباد(بیوروچیف)فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی)نے امن و امان کے خدشات کے پیش نظر 24اور 25ستمبر کو شیڈول انٹرویوز ملتوی کر دیے۔ایف پی ایس سی نے امن و امان کے خدشات کے سبب امتحانات ملتوی کرنے کا پبلک نوٹس جاری کردیا ہے، 24اور 25ستمبر کو انٹرویوز لاہور، اسلام آباد اور پشاور سینٹرز میں شیڈول تھے۔نوٹس میں کہا گیا کہ سڑکوں کی بندش اور امن و امان صورت حال کے باعث انٹرویوز ملتوی کیے گئے تاکہ انٹرویوز کے لیے آنے والے امیدواروں کو ممکنہ مشکلات سے بچایا جائے۔ایف پی ایس سی کے مطابق وائس پرنسپل گریڈ 18، ایکس ایف جی اسکولز اور ایف ڈی ای، سینئر ایلیمنٹری ٹیچر گریڈ 16، اسلام آباد ماڈل اسکولز کے انٹرویوز ملتوی ہوئے ہیں۔ایف پی ایس سی نے بتایا کہ انٹرویوز کی نئی تاریخوں کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔




