قانون کی بالادستی ناگزیر ہے، پنجاب بار کونسل

لاہور( بیورو چیف)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری قیصر نذیر ساہی اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی چودھری ارشد علی ہنجرا نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ سیاسی و معاشی چیلنجز سے نکالنے کے لیے قومی یکجہتی، مضبوط اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے،سیاسی جماعتیں ذاتی اور جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفادات کو ترجیح دیں اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں محاذ آرائی اور تقسیم کے بجائے مفاہمت، برداشت اور قومی سوچ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کی ترقی کے لیے سیاسی و معاشی استحکام، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بجلی و گیس کے بڑھتے اخراجات اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے خاتمے کے لیے حکومت اور تمام قومی اداروں کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ نظام انصاف میں بہتری، مقدمات کے بروقت فیصلوں اور سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ وکلا ء برادری آئین و قانون کی بالادستی اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اس لیے وکلا ء کو معاشی اور پیشہ ورانہ تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔ پنجاب بار کونسل وکلا ء اور ان کے اہل خانہ کو صحت، علاج معالجے، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ نوجوان وکلا ء کی تربیت اور قانونی تعلیم کے معیار میں بہتری کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وکلا ء برادری کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ملک میں جمہوری استحکام، قانون کی حکمرانی اور قومی اتحاد کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں