ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں کم از کم اجرت کے نفاذ اور مزدور و ں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی خصوصی ہدایت پر لیبر ڈیپارٹمنٹ فیلڈ میں متحرک ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر محمد شہباز نے چارج سنبھالنے کے بعد 15دن کے اندر 6ماہ سے زیر التوا کیسز نمٹا دیے۔ زیرِ التوا 4کیسز کا فیصلہ ورکرز کے حق میں کیا گیا جن کی مجموعی رقم 6,55,880 روپے ورکرز کو دلائی گئی۔مزید برآں لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر مختلف عدالتو ں میں 50سے زائد چالان جمع کروائے گئے ہیں اور خلاف ورزی کے مرتکب اداروں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ محمد شہباز نے کہا ہے کہ مزدوروں کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اداروں کے معائنے کیے گئے اور واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ کم از کم اجرت پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔




