ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی ہدایت پر فصلوں کی باقیات کو جلانے، ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا باعث بننے والوں کے خلاف ضلعی سطح پر موثر کریک ڈائون جاری ہے۔محکمہ زراعت کی رپورٹ کے مطابق یکم جولائی سے اب تک 21واقعات رپورٹ ہوئے جن پر 3لاکھ 60ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر نوشیر علی خان کی نگرانی میں فصلوں کی باقیات جلانے کیخلاف سخت مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔دیہاتی سطح پر سموگ سے بچاواور عوامی آگاہی مہم کے لیے خصوصی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں تاکہ کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے متبادل طریقوں سے آگاہ کیا جا سکے۔ڈاکٹر نوشیر علی خان نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے خطرات پر مو ثر قابو پایا جا سکے۔




