مبینہ پولیس مقابلوں میں6ڈاکو ہلاک،گولیاں لگنے سے تھانیدار لہولہان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ روشن والا کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلہ میں پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر کار پر ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے 4 ڈاکو ہلاک جبکہ گولی لگنے سے اے ایس آئی وارث بری طرح زخمی ہو گیا، پولیس نے مارے جانیوالے ڈاکوئوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے مارچری یونٹ جبکہ زخمی تھانیدار کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی سمندری کے علاقہ حشمت پورہ میں ڈاکوئوں کا مسلح گروہ کاری نمبر AEE-314 گرے کلر سنترو پر پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر شہریوں کو لوٹنے کے بعد فیصل آباد کی طرف فرار ہوئے تو واردات کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ روشن والا انسپکٹر رائے راشد نے پولیس پارٹی کے ہمراہ تھانہ روشن والا کے سامنے کار سوار ڈاکوئوں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ اسی دوران ڈاکوئوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر اے ایس آئی وارث بری طرح زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو چاروں ڈاکو مردہ حالت میں پڑے تھے۔ ان کے قبضہ سے آتشیں اسلحہ اور لوٹی گئی رقوم بھی برآمد ہوئی۔ پولیس نے مضروب تھانیدار کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کیا اور نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ پوسٹ مارٹم منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مارے جانیوالے ڈاکوئوں کی شناخت رمضان عرف سیف’ آصف’ وارث علی اور تنویر کے ناموں سے ہوئی جو کہ تھانہ ترکھانی’ سٹی سمندری’ تھانہ صدر سمندری اور دیگر علاقوں میں ریکارڈیافتہ اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مارے جانیوالے ڈاکوئوں نے چند روز قبل بیوپاریوں سے 8لاکھ بھی چھینے تھے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کیخلاف گھیرا تنگ’ آج پھر مزید 4مبینہ پولیس مقابلوں میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ ڈرگ ڈیلر اور ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے’ پولیس نے مارے جانیوالے ڈاکوئوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری اور زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلا مبینہ مقابلہ تھانہ رضاآباد کے علاقہ خالد ٹائون کے قریب ہوا جہاں پر ایس ایچ او تھانہ رضاآباد سفیان بٹر نے اپنے عملہ کے ہمراہ خالد ٹائون کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام اشرف ولد نیک محمد بتایا جس کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا، جو کہ ریکارڈیافتہ اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ دوسرا مبینہ مقابلہ تھانہ نشاط آباد کے علاقہ منصورہ کے قریب ہوا جہاں پر بھی ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد ساجد محمود نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ناکہ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش تاہم پولیس پارٹی نے تعاقب کرتے ہوئے جوابی فائرنگ بھی کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ڈاکو مردہ حالت میں پڑا تھا جسکی شناخت اشفاق ولد خوشی محمد کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ تیسرا مبینہ مقابلہ تھانہ گلبرگ کے علاقہ کمال آباد قبرستان کے قریب ہوا جہاں پر ایس ایچ او تھانہ گلبرگ کے ایس ایچ او عبدالغفار نے بتایا کہ کمال آباد قبرستان کے قریب ناکہ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام کاشف ولد بشیر بتایا جوکہ ریکارڈ یافتہ بدنام منشیات فروش نکلا جو کہ منشیات کے 5مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ اس کا ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گیا۔ علاوہ ازیں چوتھا مقابلہ تھانہ منصورآباد کے علاقہ کینال روڈ سروس روڈ پر ہوا جہاں پر ایس ایچ او منصور آباد توقیر گجر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دوران گشت مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جبکہ جوابی فائرنگ بھی کی۔ فایرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا جس کی شناخت سجاد کے نام سے ہوئی جوکہ ریکارڈیافتہ اور پولیس کو متعدد وارداوں میں مطلوب تھا۔ تاہم پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں