مبینہ پولیس مقابلہ میں2ڈاکو مارے گئے

صفدرآباد(نامہ نگار)پولیس اور ڈاکوئوں میں مقابلہ کے دوران 2 مجرمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق سی سی ڈی اور مبینہ ڈاکوئوں کے درمیان مقابلہ ڈیرہ اشرف نزد جنڈیالہ شیر خان کے مقام پر ہوا ۔ جس میں دو ڈاکو مارے گئے جبکہ دیگر فرار ہو گئے ،فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف انسپکٹر لطیف گجر کی تحریری درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ۔مقدمہ میں قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔درخواست کے مطابق پولیس قتل اقدام قتل کے ملزم سہیل کی گرفتاری کے لئے جا رہی تھی کہ ڈیرہ اشرف تھانہ صدرشیخوپورہ میں اچانک 4 نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے لوٹ مار کی نیت سے پولیس گاڑی پر فائرنگ کر دی ،پولیس کی جوابی فائرنگ اور سرچنگ کے بعد دو افراد مردہ حالت میں پائے گئے جن کے ہاتھوں میں پسٹل چلی ہوئی گولیاں اور میگزینز موٹر سائیکل سمیت تحویل میں لے لی گئیں۔فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی کر دی گئی۔ایف آئی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے مجرمان کی شناخت رضوان اور علی حماد کے نام سے ہوئی جو سنگین مقدمات قتل،اقدام قتل اور لوٹ مار میں ملوث تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں