مجالس اور جلوسوں کے دوران فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے

سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ امام بارگاہ بلاک نمبر 7 کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی و دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کی موثر تنصیب ہو، اور سی سی ٹی وی کیمروں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل قبول ہوگی۔کمشنر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر امام بارگاہ کے سامنے لگائی گئی سبیل کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی، صفائی، چھاؤ ں اور دیگر سہولیات کے حوالے سے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو تاکید کی کہ سبیلوں پر باقاعدہ نگرانی اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔بعد ازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے سلانوالی روڈ اور اعوان چوک نیو سیٹلائٹ ٹاؤن میں قائم ڈسپولز کا معائنہ کیا اور مون سون سیزن کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں