لاہور (بیورو چیف)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے مدارس کو شدت پسندی کے تناظر میں دیکھنے کے رجحان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدارس امن، رواداری اور ہم آہنگی کا پیغام ہیں،حکومت پنجاب نے مدارس کے لیے فنڈنگ میں نمایاں اضافہ کیا ہے تاہم ابھی مزید توجہ اور سرپرستی کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں زلمی مدرسہ لیگ پنجاب کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات، سیکرٹری داخلہ پنجاب احمد جاوید قاضی، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد، سیکرٹری اوقا ف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور زلمی فانڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں عباس زلمی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ مدارس کے طلبہ و اساتذہ سے مل کر دلی خوشی ہوئی۔ سپیکر نے سوال اٹھایا کہ اگر مدارس کو مین اسٹریم میں لایا جا رہا ہے تو کیا یہ کوئی گناہ ہے؟




