فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہری علاقہ مدینہ ٹائون نزد ٹریٹ بیکری سے دو دہائیوں سے قائم کوڑا سٹینڈ ختم کرادیا گیا۔ختم کئے گئے کوڑا سٹینڈ کی جگہ پبلک پارک قائم کیا جائے گا۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے بتایا کہ تقریبا2100 گھروں کے65 سے 70 ہزار رہائشی کوڑا سٹینڈکے باعث اذیت کا شکار اور مختلف بیماریاں پیدا ہورہی تھیں جبکہ ماحول تعفن زدہ ہوچکا تھا۔مکینوں کے پرزور مطالبہ پر شہری علاقہ سے کوڑا سٹینڈ ختم کرایا گیا جہاں پارک قائم کرنے کے لئے اقدامات شروع کئے جارہے ہیں۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کارلائے جارہے ہیں۔اس موقع پر اہل علاقہ نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ اداکیا جن کے احکامات پر انتظامیہ نے عرصہ دراز سے قائم کوڑا سٹینڈ کو ختم کرایا۔




