لاہور (بیوروچیف)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے مذاکر ا ت نہ ہونے کی ذمہ دار پی ٹی آئی خود ہے ، کوئی اور نہیں، ملک میں اس وقت جمہوریت ہے اور یہی نظام چلنا ہے اور اسی کو چلانا ہے،پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا، نہیں ہونا چاہئے تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخواہ سندھ،اسلام آباد ، لاہوراور بلوچستان جہاں چاہیں دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں مینوفیکچرنگ فالٹ ہے، اپنے رویہ پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخواہ کے دورہ لاہور سے پہلے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب دونوں نے کے پی کے حکومت سے رابطہ کیا اور کہا کہ وزیر اعلی کو مکمل سیکیورٹی اور پروٹوکول دیا جائیگا ۔




