لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا محفوظ پنجاب کا خواب تعبیر کی جانب گامزن ہے اور اسی سلسلے کے تحت پنجاب کی 98 تحصیلوں میں اسمارٹ سیف سٹیز کے قیام کے منصوبے پر دستخط کر دیے گئے۔ سینٹرل پولیس آفس میں معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق ایم ڈی نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) بریگیڈیئر عظمت شبیر اور ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس نے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت این آر ٹی سی پنجاب کی 98تحصیلوں میں 31دسمبر 2026 تک اسمارٹ سیف سٹیز قائم کرے گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹیز کیپٹن (ر) مستنصر فیروز، سی پی ایل او عبد اللہ احمد، ایس ایس پی سیف سٹی محمد افضل سمیت دیگر افسران موقع پر موجود تھے۔ جی ایم این آر ٹی سی بریگیڈئر (ر) زاہد میتلا، جنرل منیجر بریگیڈئر (ر) شاہد منظور، جنرل مینجر سید عامر جاوید، پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈئر (ر) مظفر احمد سمیت این آر ٹی سی کے دیگر عہدیداران بھی موقع پر موجود تھے۔ایم ڈی سیف سٹی احسن یونس کے مطابق این آر ٹی سی کے ساتھ معاہد ے کے تحت فیز ون میں ملتان شیخوپورہ، سیالکوٹ، جہلم، اٹک، سرگودھا اور ڈی جی خان سمیت 18شہروں میں اسمارٹ سیف سٹیز پراجیکٹ 100فیصد مکمل ہو چکے ہیں۔




