فیصل آباد کی سیاسی، سماجی اور دینی فضا میں جماعت اسلامی ایک منظم اور نظریاتی جماعت کی حیثیت سے اپنی الگ پہچان رکھتی ہے۔ اس جماعت کی تاریخ میں ایسے متعدد افراد شامل ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ دعوت دین، عوامی خدمت اور اقامت دین کی جدوجہد میں گزارا۔ اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت میاں طاہر ایوب کا آئندہ دو سال کے لیے امیر جماعت اسلامی ضلع فیصل آباد منتخب ہونا ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے صوبائی امیر مولانا محمد جاوید قصوری سے مشاورت کے بعد ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ میاں طاہر ایوب نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ان کا انتخاب محض ایک تنظیمی تبدیلی نہیں بلکہ جماعت اسلامی کی آئندہ جدوجہد کے حوالے سے ایک نئی امید اور نئے عزم کی علامت بھی ہے۔میاں طاہر ایوب کی شخصیت کا جائزہ لیا جائے تو ان کی سیاسی اور سماجی زندگی کا آغاز زمانہ طالب علمی ہی سے ہوتا ہے۔ وہ اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہوئے اور ناظم شہر اسلامی جمعیت طلبہ کی ذمہ داریاں ادا کیں۔ طلبہ سیاست میں انہوں نے فعال کردار ادا کیا اور نوجوانوں میں اپنا ایک نمایاں مقام پیدا کیا۔ ان کے اندر سیاسی شعور، تنظیمی صلاحیت اور اجتماعی خدمت کا جذبہ اسلامی جمعیت طلبہ ہی کے پلیٹ فارم سے پروان چڑھا۔ بعدازاں وہ جماعت اسلامی سے وابستہ ہوگئے اور مختلف تنظیمی ذمہ داریوں سے گزرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع فیصل آباد کی سیاسی کمیٹی کے صدر کی ذمہ داری ادا کرنے لگے۔ ان کی طویل وابستگی، تنظیمی تجربے اور عملی جدوجہد کو مدنظر رکھتے ہوئے ارکان جماعت اسلامی فیصل آباد نے انہیں ضلعی امیر منتخب کیا۔میاں طاہر ایوب صرف جماعتی سیاست تک محدود نہیں بلکہ شہر کے سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں میں بھی اپنی شناخت رکھتے ہیں۔ وہ گلستان کالونی کے حلقے سے متعدد مرتبہ میونسپل کونسلر، یونین کونسل ناظم اور چیئرمین منتخب ہوچکے ہیں۔ لائلپور ٹائون کی امن کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے بھی ان کا کردار رہا ہے۔ ان کے سیاسی سفر کا ایک نمایاں پہلو عوام سے براہ راست رابطہ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کوشش کرنا ہے۔ ان کے ڈیرے پر مرد و خواتین کی آمدورفت رہتی ہے، جہاں لوگ اپنے مسائل کے حل کے لیے ان سے رجوع کرتے ہیں۔ خندہ پیشانی سے ملنا، خوش اخلاقی سے پیش آنا اور لوگوں کو عزت دینا ان کی شخصیت کے نمایاں اوصاف میں شمار ہوتا ہے۔میاں طاہر ایوب کی یہی عوامی شناخت جماعت اسلامی کے لیے ایک اہم اثاثہ ثابت ہوسکتی ہے۔ آج سیاست کا سب سے بڑا مسئلہ عوام اور سیاسی قیادت کے درمیان بڑھتا ہوا فاصلہ ہے۔ عام آدمی مہنگائی، بے روزگاری، بجلی کے بھاری بلوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ ایسے حالات میں عوام کے درمیان رہنے والی قیادت ہی ان کے دکھ درد کو بہتر طور پر سمجھ سکتی ہے۔ میاں طاہر ایوب کے سامنے بھی یہ ایک بڑا چیلنج ہوگا کہ وہ اپنے سابقہ عوامی روابط کو مزید مضبوط بنائیں، نوجوانوں کو جماعت کے ساتھ جوڑیں اور جماعت اسلامی کی دعوت کو شہر کے ہر محلے، ہر بازار اور ہر طبقے تک پہنچائیں۔
ان سے قبل پروفیسر محبوب الزماں بٹ چار سال تک امیر جماعت اسلامی ضلع فیصل آباد کی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔ ان کا دور تنظیمی سرگرمیوں، عوامی رابطوں اور احتجاجی تحریکوں کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن کے امیر جماعت اسلامی منتخب ہونے کے بعد ملک بھر میں رکنیت سازی، عوامی رابطہ مہمات، جلسوں، ملین مارچ، احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے ذریعے عوامی مسائل اجاگر کیے گئے۔ فیصل آباد میں بھی ان سرگرمیوں کو آگے بڑھانے میں پروفیسر محبوب الزماں بٹ اور ان کی ٹیم کا اہم کردار رہا۔فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے اجتماعات ہوں یا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، پٹرولیم لیوی اور عوام پر عائد بھاری مالی بوجھ کیخلاف احتجاجی سرگرمیاں، جماعت اسلامی نے ان معاملات کو عوامی سطح پر اٹھایا۔ ان تحریکوں کے ذریعے عام شہری، مزدور، تاجر، متوسط طبقہ اور دیگر متاثرہ طبقات کے مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ پروفیسر محبوب الزماں بٹ کی قیادت میں جماعت اسلامی فیصل آباد نے اپنی دعوت اور عوامی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کی کوشش کی۔ ان کی تنظیمی خدمات اور جدوجہد کو جماعت کے کارکنان اور شہر کے سیاسی حلقوں میں یاد رکھا جائے گا۔ نئی قیادت کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ان سرگرمیوں میں مزید وسعت پیدا کرے۔جماعت اسلامی میں ضلعی امیر کی ذمہ داری بظاہر ایک اعزاز دکھائی دیتی ہے، لیکن حقیقت میں یہ ایک کٹھن آزمائش ہے۔ یہ پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کانٹوں بھرا راستہ ہے، جہاں کارکنوں کی تربیت، تنظیم کی مضبوطی، عوامی مسائل کی ترجمانی، مالی اور انتظامی معاملات اور مسلسل جدوجہد جیسے کئی تقاضے سامنے آتے ہیں۔ مولانا سید ابوالاعلی مودودی نے جماعت اسلامی کی بنیاد جس نظریاتی مقصد، اخلاص اور نظم و ضبط پر رکھی، اس کے مطابق جماعتی ذمہ داری کو ذاتی شہرت یا منصب کے حصول کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک امانت سمجھا جاتا ہے۔ اسی لیے جماعت کی ذمہ داری قبول کرنیوالے شخص سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ذاتی خواہشات سے بالاتر ہوکر اپنے وقت، صلاحیت اور توانائی کو اجتماعی مقصد کے لیے وقف کرے۔جماعت اسلامی کی تاریخ میں ذمہ داریوں کو اعزاز کے بجائے بوجھِ امانت سمجھنے کی روایت اہم رہی ہے۔ کسی منصب پر فائز ہونے کا اصل معیار مبارک بادیں وصول کرنا نہیں بلکہ اس ذمہ داری کا حق ادا کرنا ہے۔ میاں طاہر ایوب کے لیے بھی یہ انتخاب ایک بڑا امتحان ہے۔ انہیں اپنی سابقہ سیاسی اور سماجی سرگرمیوں کو جماعتی نظم، نظریاتی وابستگی اور عوامی خدمت کے ساتھ مزید مربوط کرنا ہوگا۔ حافظ نعیم الرحمن اور مولانا محمد جاوید قصوری کی توقعات پر پورا اترنے کیلیے انہیں کارکنوں کو ساتھ لے کر چلنا، مشاورت کو فروغ دینا اور جماعتی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنانا ہوگا۔فیصل آباد جیسے صنعتی شہر میں جماعت اسلامی کیلیے امکانات بھی بہت ہیں اور چیلنجز بھی کم نہیں۔ صنعت کار، مزدور، تاجر، طلبہ، خواتین اور نوجوان سبھی اپنے اپنے مسائل کے حل کے خواہاں ہیں۔ شہر میں صنعتوں کو درپیش مشکلات، کاروباری سرگرمیوں میں کمی، بے روزگاری، مہنگائی اور بنیادی شہری سہولتوں کے مسائل ایسے معاملات ہیں جن پر مسلسل آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ میاں طاہر ایوب اپنی عوامی اور سماجی شناخت کو استعمال کرتے ہوئے مختلف طبقات کے ساتھ رابطے مضبوط بنا سکتے ہیں۔ اگر وہ جماعت اسلامی کے نظریاتی پیغام کو عوام کے روزمرہ مسائل کے ساتھ جوڑنے میں کامیاب ہوگئے تو یہ ان کی قیادت کی ایک بڑی کامیابی ہوگی۔اس وقت جماعت اسلامی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف اپنی مہمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان معاملات پر عوامی مشکلات کو اجاگر کرنا اور حکومت سے عملی ریلیف کا مطالبہ کرنا نئی ضلعی قیادت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ جماعت اسلامی کی کامیابی صرف جلسوں کی تعداد یا احتجاجی سرگرمیوں سے نہیں بلکہ اس بات سے بھی جانچی جائے گی کہ وہ عوام کے اندر کتنا اعتماد پیدا کرتی ہے، ان کے مسائل کو کتنی موثر انداز میں اجاگر کرتی ہے اور اپنی تنظیم کو کس حد تک مضبوط بناتی ہے۔اس سے قبل جماعت اسلامی فیصل آباد کو انجینئر عظیم رندھاوا کی صورت میں ایک عوامی، سیاسی اور سماجی مزاج رکھنے والی قیادت میسر رہی، جبکہ پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے بھی اپنے دور میں جماعتی سرگرمیوں کو آگے بڑھایا۔ اب میاں طاہر ایوب کی صورت میں جماعت کو ایک ایسے رہنما کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو طلبہ سیاست، بلدیاتی امور، عوامی رابطوں اور تنظیمی سرگرمیوں کا تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کے لیے سب سے اہم بات یہ ہوگی کہ وہ سابقہ قیادت کی اچھی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے نئے انداز، محنت اور صلاحیتوں سے جماعت کے کام میں مزید بہتری لائیں۔میاں طاہر ایوب ہمارے پرانے دوست ہیں۔ ان کے ساتھ اچھا رابطہ اور تعلق رہا ہے۔ ان کی شخصیت کا ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ وہ لوگوں سے محبت اور خندہ پیشانی کے ساتھ پیش آتے ہیں۔ اب ان کے کندھوں پر جو ذمہ داری ڈالی گئی ہے، وہ پہلے سے کہیں زیادہ وقت، توجہ اور قربانی کا تقاضا کرتی ہے۔ ان کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ اپنی ذاتی اور سماجی مصروفیات کے ساتھ جماعت اسلامی کی تنظیمی ذمہ داریوں کو بھی بھرپور طریقے سے ادا کریں اور کارکنوں کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے متحرک رکھیں۔ہم میاں طاہر ایوب کو نئی ذمہ داری ملنے پر نیک تمناں کا اظہار کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی انہیں اخلاص، استقامت، حکمت اور خدمت خلق کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ وہ جماعت اسلامی کی دعوت کو مزید وسعت دیں، عوام کے مسائل کے حل کیلیے موثر کردار ادا کریں اور اپنے قائدین کی توقعات پر پورا اتریں۔ فیصل آباد کے عوام کو ان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ اب وقت ہے کہ ان امیدوں کو عملی جدوجہد میں بدلا جائے اور جماعت اسلامی کو ایک ایسی عوامی قوت بنایا جائے جو مظلوم کی آواز بنے، محروم کو سہارا دے اور معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام کیلیے اپنی کوششیں جاری رکھے۔اللہ تعالی میاں طاہر ایوب صاحب کو استقامت عطا فرمائے اور ان کیلیے یہ ذمہ داری دین، عوام اور جماعت کی خدمت کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔




