لاہور (شوبز نیوز) سینئر اداکارہ روبینہ اشرف کا کہنا ہے کہ سنگین اور پیچیدہ معاشرتی مسائل پر ڈرامے بنانے کی سخت ضرورت ہے اور یہ کہ میڈیا اور ٹیلی وژن کا یہی کام ہے کہ وہ سماجی مسائل دکھائے۔روبینہ اشرف نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں ان سمیت دیگر شعبہ جات کی شخصیات بھی شریک ہوئیں اور شو کے دوران معاشرے میں جنسی ہراسانی اور بچوں کے ساتھ نامناسب سلوک کے بڑھتے واقعات پر بحث کی گئی۔پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں روبینہ اشرف کا کہنا تھا کہ بچوں کی پرورش کرنا صرف والدین کا کام نہیں اور یہ کہ والدین اپنی ذمہ داری کسی حد تک ادا کر رہے ہیں لیکن اس باوجود بچے بے راہ روی کا شکار بن جاتے ہیں۔ان کے مطابق آج کل دنیا تبدیل ہو چکے ہیں، اب ہر چیز ایک ٹچ اسکرین تک محدود ہوگئی ہے، اس لیے بچوں کی پرورش پہلے کے مقابلے زیادہ پیچیدہ کام ہوچکی ہے اور بچوں کی پرورش میں سماج کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ جس طرح والدین اور اساتذہ بچوں کو سکھاتے ہیں، اسی طرح معاشرہ بھی ان کی تربیت کرتا ہے اور بچے سماج سے بھی اثر لیتے ہیں، وہ جو دیکھتے ہیں، اسے اپناتے ہیں۔




