فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر پی پی 107 حفیظ انجم جنجوعہ نے کہاکہ علاج، معالجے کی سہولیات ناپید ، پینے کا پانی ناقص، اشیاء خوردونوش کی مناسب داموں عدم دستیابی اورامن وامان کی غیر یقینی صورتحال نے عوامی مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے انہوںنے جان بچانے والے ادویات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کے باوجود مارکیٹ سے غائب ہونے پر شدیدتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں ادویات کا معیار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ارزاں نرخوں پر دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے حکومتی مجرمانہ غفلت کے باعث عوام کو ادویات ساز کمپنیوں کو رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جو انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں ۔ جان بچانے والی ادویات کی خریدبھی عوام کی پہنچ سے دورہو چکی ہے ٹی بی، بلڈپریشر،شوگر اوردل کے امراض،انسولین سمیت 55 فیصد سے زائد ادویات مارکیٹ سے غائب ہو چکی ہیں ۔




