مقدمہ بازی اور لین دین کے تنازعہ پر مخالفین کی فائرنگ سے باپ بیٹا قتل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ 102 ج ب برج منڈی میں رقم کے لین دین کے تنازعہ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹا قتل’ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تین بھائیوں رضوان اکرم’ فرمان اکرم’ زمان اکرم اور ان کے ساتھیوں ابوبکر’ نعمان نواز’ ارسلان’ بشیر احمد اور 2نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے دو ملزمان رضوان اکرم اور نعمان کو حراست میں لیکر بازپرس شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 102 ج ب برج منڈی کی رہائشی رفعت شہباز نے بتایا کہ اس کے بیٹے حیدر شہباز کا ملزمان ابوبکر وغیرہ کے ساتھ سابقہ مقدمہ بازی اور رقم کے لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا، گزشتہ روز ملزمان ابوبکر کے ساتھ اس کے بیٹے حیدر شہباز کی تلخ کلامی ہوئی تو ملزمان آتشیں اسلحہ سے لیس ہو کر آئے، ملزم ابوبکر نے للکارا مارا کہ حید رشہباز کو لڑائی کرنے کا مزہ چکھا دو اور ملزم رضوان اکرم نے اس کے بیٹے حیدر شہباز کو گولیاں مار دیں۔ شور سن کر اس کا باپ شہباز باہر نکلا تو ملزمان نے اسکو بھی گولیاں مار کر بری طرح لہولہان کر دیا۔ ملزمان ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے، مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لے جا رہے تھے کہ اس کا 18سالہ بیٹا حیدر شہباز راستے میں ہی دم توڑ گیا جبکہ شہباز ولد یوسف ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر باپ بیٹے کی نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قتل کا مقدمہ درج کر کے دو ملزمان رضوان اکرم اور نعمان ولد نواز کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں