ملاوٹی اشیاء کی فروخت پر آڑھتی ،گوالہ گرفتار،6شہریوں کیساتھ7کروڑ کا فراڈ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملاوٹی اشیاء فروخت کرنے پر آڑھتی اور گوالہ گرفتار’ کاروباری تنازعات پر چالاک ملزمان کا6 شہریو ں کیساتھ ساڑھے 7کروڑ کا فراڈ’ معمولی جھگڑے پر مشتعل افراد نے دو بھائیوں کو لہولہان کر دیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایف ایس او احسن محمود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ غلہ منڈی میں چھاپہ مار کر ملاوٹی ہلدی’ سونف’ سفید مرچ اور چائنہ نمک فروخت کرتے آڑھتی احسان الٰہی کو قابو کر کے بھاری مقدار میں ملاوٹی اشیاء برآمد کر کے تلف کر دیں۔ محلہ مدینہ ٹائون کے علاقہ 208چک روڈ پر ڈوگر ڈیریز میں چھاپہ مار کر ناقص’ غیر معیاری دودھ’ مکھن وغیرہ برآمد کر کے مالک کو حوالہ پولیس کر دیا جبکہ عائشہ کالونی کے عمار سلیم نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ چالاک ملزمان علی حیدر وغیرہ نے جعلسازی کے ذریعے اس کی 5کروڑ 45لاکھ مالیت کی اراضی فروخت کر دی اور رقم خردبرد کر لی۔ ستیانہ روڈ کے عمر ارشد کا کہنا ہے کہ اس نے ملزمان انجم وغیرہ سے 95لاکھ میں پلاٹ خریدا تو وہ رجسٹری کروانے سے انکاری ہو گئے، رقم بھی واپس نہ کی۔ مدینہ ٹائون کے افتخار شاہ نے بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم ابوبکر نے 28لاکھ کی رقم ہڑپ کر لی۔ جیل روڈ کے اورنگزیب سے ملزم ابوبکر نے 30لاکھ کی رقم لیکر واپس نہ کی۔ بابر چوک کے یار محمد نے پولیس کو دی جانیوالی درخواست میں بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم حسن نے 21لاکھ کی رقم کاروبار کیلئے حاصل کر کے واپس نہ کی۔ جڑانوالہ کے یوسف کا کہنا ہے کہ ملزم نوید نے 24لاکھ کا مال لیکر بدلے میں چیک دیا جو کہ بوگس نکلا۔ علاوہ ازیں گڑھ کے علاقہ جلی فتیانہ میں معمولی جھگڑے پر مشتعل ملزمان الطاف وغیرہ نے شہباز اور اس کے بھائی کو لہولہان کر دیا۔ اہل علاقہ نے بڑی مشکل سے جان بخشی کروائی۔ مضروبان کو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں