فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)انجمن اسلامیہ فیصل آباد کے زیر اہتمام بڑے قبرستان میں جنگ ستمبر کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا’ دعائیہ تقریب میں انجمن اسلامیہ فیصل آباد کے صدر پرویز خالد شیخ’ سینئر نائب صدر حاجی محمد عابد’ چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ’ سابق صدر رانا محمد سکندراعظم خاں’ حاجی محمد نعیم’ رانا ایوب منج’ ملک شاہد ‘ رانا اکرام اللہ خاں’ رانا ایوب منج’ شیخ ابرار احمد کے علاوہ سکولوں کے طلباء نے شرکت کی’ تقریب کے شرکاء نے جنگ ستمبر کے شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی’ اس موقع پر انجمن اسلامیہ فیصل آباد کے صدر شیخ پرویز خالد’ سینئر نائب صدر حاجی محمد عابد’ چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ’ سابق صدر رانا محمد سکندراعظم خاں’ حاجی محمد نعیم نے دیگر مقررین نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں ہماری بہادر افواج ِپاکستان نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ وہ مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں،اس دن پوری پاکستانی قوم بے مثال اتحاد اور پرعزم قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مسلح افواج کی حمایت کے لیے آگے آئی، قوم کے بے مثال اتحاد اور یکجہتی کے مظاہرے نے ہمارے افسروں اور جوانوں، پائلٹوں اور سیلرز کو ہندوستانی جارحیت کیخلاف مادر ِوطن کی حفاظت کی لڑائی میں توانائی بخشی۔’ مقررین نے کہا کہ ہماری مسلح افواج آج بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کے چپے’ چپے کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے’ آج پاک فوج کی ہمت اور جرات کی وجہ سے اقوام عالم میں پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے’ آج ہم سب عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں حالات کیسے بھی ہوں ہم اپنی بہادر افواج کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔




