ملک بھر میں انسداد سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن،84لاکھ کی منشیات ضبط

اسلام آباد(بیورو چیف)ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ کریک ڈان کے دوران 84 لاکھ روپے مالیت کی منشیات ضبط کرلی گئی۔ تر جما ن اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)کے مطا بق ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطرا ف منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے، اس دوران 6کارروائیوں میں 4ملزمان کو گرفتار کرکے 84لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 83کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔اسلام آباد میں موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 300 گرام آئس برآمد کی گئی جب کہ گرفتار ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتا تھا۔ملتان میں واقع ایک کوریئر آفس سے اسکاٹ لینڈ سے آنے والے پارسل کی تلاشی کے دوران کریم کے ڈبوں میں چھپائی گئی 120 گرام کوکین برآمد ہوئی۔ادھر پشین کے علاقے میں ایک ہوٹل کے قریب گاڑی سے 65 کلوگرام چرس ملی، جب کہ ملزم کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔ اٹک کے قطبال ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 9.6 کلوگرام چرس، رنگ روڈ پشاور پر موٹر سائیکل سوار کے قبضے سے 6کلوگرام افیون اور راولپنڈی کے کوریئر آفس سے پشاور سے آنیوالے پارسل سے 2.310کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔ترجمان کے مطابق تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997کے تحت درج کرلیے گئے ہیں اور ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں