فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں مویشی منڈیوں کی سکیورٹی فوٹو سیشن تک محدود’ سکیورٹی پر مامور عملہ غائب’ افسران بھی فوٹوسیشن کروانے کے بعد چلے جاتے ہیں’ داخلی وخارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیکٹیٹر سے چیکنگ خواب بن چکی ہے تفصیل کے مطابق سی پی او تنویر حسین نے ضلع بھر کی 9مویشی منڈیوں میں شہریوں اور بیوپاریوں کے تحفظ کیلئے 200 سے زائد پولیس افسران اور جوانوں کو ڈیوٹیاں تفویض کیں اور مویشیوں کے مقامات پر خصوصی ناکہ بندیاں کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ مویشی منڈیاں نیاموآنہ’ ساندل بار’ جڑانوالہ’ چک جھمرہ’ سمندری’ تاندلیانوالہ اور دیگر عارضی منڈیوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایلیٹ فورس’ موبائل گشت’ موٹرسائیکل سکواڈ اور بکٹس پوائنٹس کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کا حکم دیا تاکہ مشکوک اور جرائم پیشہ افراد پر کڑی نگاہ رکھی جائے۔ تاہم مشاہدہ میں آیا ہے کہ کسی بھی افسر کے آتے ہی پکٹس پوائنٹ پر جوان الرٹ ہو جاتے ہیں اور افسران کے ساتھ فوٹوسیشن کے بعد غائب ہو جاتے ہیں اور منڈیوں کے اطراف میں بھی پولیس کا گشت نظر نہیں آتا۔




