مکوآنہ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور محکمہ صحت پنجاب کی ہدایات پر عطائیت کے خاتمے کے لیے ضلعی محکمہ صحت فیصل آباد کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو ہیلتھ آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر محمد شہزاد محمود نے ڈی ڈی ایچ او جڑانوالہ ڈاکٹر سومیہ جمیل اور ڈرگ انسپکٹر جڑانوالہ سنبل سلیم کے ہمراہ مکوآنہ کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی کلینکس اور میڈیکل اسٹورز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اچانک چھاپے مارے، جس کے دوران متعدد مراکز کو سیل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کی ٹیم نے مکوآنہ کے مختلف علاقوں میں طبی مراکز اور میڈیکل اسٹورز کا معائنہ کیا۔ دورانِ کارروائی عطائیت اور غیر قانونی طبی پریکٹس میں ملوث پائے جانے والے کلینکس سمیت قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے میڈیکل اسٹورز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور متعلقہ مراکز کو سیل کر دیا گیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو ہیلتھ آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر محمد شہزاد محمود نے کہا کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے عطائیوں اور غیر قانونی طبی مراکز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ عوام کی صحت اور زندگیوں کا تحفظ محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے کسی کو بھی غیر قانونی طبی پریکٹس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو معیاری، محفوظ اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ صحت کی ٹیمیں متحرک ہیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاتی رہے گی۔محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ علاج معالجے کے لیے مستند اور رجسٹرڈ ڈاکٹرز سے رجوع کریں، عطائیوں سے علاج کروانے سے گریز کریں اور اپنے گردونواح میں غیر قانونی کلینکس یا طبی سرگرمیوں کی نشاندہی متعلقہ حکام کو کریں تاکہ عوام کو ممکنہ طبی نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔




