29

میاں عبدالمنان اور پرویز کموکا کی کمشنر مریم خان سے ملاقات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران سٹی (رجسٹرڈ) الائیڈ گروپ کے صدر چوہدری پرویز اقبال کموکا نے سرپرست میاں عبدالمنان سابق ایم این اے کی قیادت میں فیصل آباد میں تعینات ہونے والی ڈویژنل کمشنرمریم خان سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور ان کی فیصل آباد میں تعیناتی کا خیرمقدم کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے’ اس موقع پر سابق ایم این اے میاں عبدالمنان اور چوہدری پرویز اقبال کموکا نے کہا کہ آٹھوں بازاروں میں تجاوزات کے خلاف کیا گیا بلاتفریق آپریشن لائق تحسین ہے’ آٹھ بازاروں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے ضلعی انتظامیہ نے فیصل آباد کی عوام کے دل جیت لئے ہیں’ آٹھ بازاروں میں قبضہ مافیا نے ڈیرے جما رکھے تھے’ بے ہنگم ٹریفک اور غلط پارکنگ کی وجہ سے بازاروں میں سے پیدل گزرنا بھی محال تھا’سیاسی جماعتوں کے علاوہ تاجروں’ شہریوں اور راہ گیروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف’ ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصرکو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے’ انہوں نے ڈویژنل کمشنر مریم خان کو بتایا کہ جلوی مارکیٹ ڈھڈی والا کے دکانداروں’ تاجروں اور فروٹ’ سبزی فروشوں نے ازخود تجاوزات ختم کر کے مثال قائم کی ہے’ انہوں نے ڈویژنل کمشنر سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے خلاف آپریشن ضرور کیا جائے مگر تاجروں اور دکانداروں کو میونسپل کارپوریشن کے عملے کی زیادتی سے بھی بچایا جائے شہر میں تجاوزات آپریشن میں نرمی کرکے چھوٹے دکان داروں اور تاجروں کو سرکاری عملہ کی اختیارات کے بے جا استعمال سے بچایا اور تاجروں کو باعزت کاروبا ری سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی جائے’ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ آٹھ بازاروں میں موٹرسائیکل کے داخلے کی اجازت دی جائے تاکہ آٹھ بازاروں کے تاجروں کا کاروبار متاثر نہ ہو’ ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مریم خان نے میاں عبدالمنان اور چوہدری پرویز اقبال کموکا کو یقین دلایا کہ پنجاب حکومت کسی کا روزگار نہیں چھینے گی بلکہ روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرے گی’ ہم آٹھ بازاروں میں ایسا ماحول پیدا کریں گے کہ خریدار خودبخود بازاروں کا رخ کرنا شروع ہو جائیں گے اور تسلی کے ساتھ خریداری کریں گے’ ہم نے آٹھ بازاروں کے اطراف بھی پارکنگ سٹینڈز بنا دیئے ہیں’ کسٹمرز اپنی گاڑیاں وہاں کھڑی کر کے بازاروں میں آئیں اور جی بھر کر اطمینان کے ساتھ خریداری کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں