سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کو دیے گئے ہدایا ت پر ایک ہفتے کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن محمد وسیم، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی او ایم سی ماجد بن احمد، ایکسین بلڈنگ امانت علی، ایم ڈی واسا ابوبکر عمر ، ایم ڈی پی ایچ اے محمد ارشد، سی او ضلع کونسل اسد ہریا، میونسپل افسران، ہائی ویز ،پیرا، فوڈ اتھارٹی اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر سرگودہا نے سی ای او ضلع کونسل کو ہدایت کی کہ میلہ منڈی گراؤنڈ کی صفائی کا خاص انتظام کیا جائے اور گرائونڈ کے مین گیٹ پر بورڈ نصب کیا جائے تاکہ بچوں کے لیے کھیل کود کی سہولیات بہتر بنائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میلہ منڈی گرائونڈ ضلع کونسل کا اثاثہ ہے اور اس کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین نے وزیراعلی پنجاب کے خصوصی انیشیٹو “سٹی بیوٹیفکیشن” کے منصوبے کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔کمشنر نے اس حوا لے سے تمام ٹائم لائنز طلب کر لیں تاکہ منصوبے کی نگرانی موثر طور پر کی جا سکے۔ فوڈ اتھارٹی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ پچھلے ہفتے ضلع بھر میں چھ بڑے ریڈ کیے گئے اور چھ کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔




