میٹرو بس پراجیکٹ ، متبادل راستے ہموار کرنے کیلئے اقدامات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میٹروبس پرا جیکٹ کی تعمیر کے دوران متبادل راستوں کو ہموار بنانے کیلئے عملی اقدامات شروع ہوگئے ۔ کمشنر فیصل آبا د ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے 2روز قبل دورے کے بعد روٹس کو کلیئر کرنے کے واضح اثرات نظر آنے لگے۔میونسپل کارپوریشن نے جڑانوالہ روڈ پر میٹرو ٹریک کے دونوں اطراف پیچ ورک لگاکر روڈکو ہموار کردیا جس سے ٹریفک کی روانی میں مزید بہتری آئی ہے۔علاوہ ازیں جڑانوالہ روڈ سے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی تک روڈ کی بحالی کے لئے ہائی ویز نے ورک پلان تیارکرلیا۔اسی طرح گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سے سوساں روڈ کی مرمت وبحالی اور سڑک کو ہموار کرنے کا کام جاری ہے۔کمشنر فیصل آباد نے دونوں روڈز کا دورہ کیا اور سوساں روڈ سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی تک شاہراہ پر اضافی ورک فورس لگاکر مرمت وبحالی کا کام دنوں میں مکمل کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ پانی کا مسلسل چھڑکا یقینی بنایا جائے تاکہ ماحول آلودہ نہ ہو۔انہوں نے ہائی ویز کو جڑانوالہ روڈ سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی تک روڈ کا کام ایک ہفتہ میں مکمل کرنے کا ہدف دیتے ہوئے شفافیت کو ہر قیمت پر ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔انہوں نے جڑانوالہ روڈ پر میٹروٹریک کے ساتھ پیچ ورک کے کاموں کا بھی جائزہ لیا جبکہ تجاوزات کے خلاف اپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں