نور پور سبزی منڈی روڈ پر واسا کا سیور پائپ بچھانے کا 70فیصد کام مکمل

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)نورپورسبزی منڈی روڈ پر واسا کی طرف سے سیور پائپ بچھانے کا70 فیصد کام مکمل جبکہ بقیہ کام5 دسمبر2026 تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کردی گئی ہے۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے نورپور سبز منڈی روڈ کا دورہ کیا اور جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے سیور پائپس بچھانے کے کاموں پر بریفنگ دی۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔کمشنر نے روڈ کی کارپٹنگ بھی فوری شروع کرنے کی ہدایت کی اور موقع پر اہل علاقہ کی طرف سے نشاندہی کئے گئے بعض مسائل کے بلاتاخیر حل کے لئے واسا کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ نورپور سبز منڈی روڈ عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور سیوریج پائپس ڈالنے کا کام تعطل کا شکار تھا تاہم ایک ماہ قبل دورہ پر پائپ بچھانے کا ٹاسک تفویض کیا جسے تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے اور جتنے حصہ پر سیور پائپس ڈال دیئے گئے وہاں میونسپل کارپوریشن کی طرف سے کارپٹنگ شروع کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہرہوں کو ریلیف کی فراہمی انتظامیہ کی ترجیح ہے جس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔موقع پر موجود اہل علاقہ نے جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ اداکیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں