واسا کی پانی بچائو پروگرام کے تحت آگاہی مہم کا آغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر سٹیزن لائزن سیل نے پانی بچائو پروگرام کے تحت آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت سی ایل سی سٹاف نے گورنمنٹ بوائز سکینڈری سکول رضا آ باد کا وزٹ کیا اور وہاں پرطالب علموں کو گھروں میں پانی کو محفوظ بنانے کے حوالے سے آگاہی لیکچر دیا جبکہ طالب علموں میں پانی بچانے کے طریقوں کے حوالے سے پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔اس ضمن میں ایم ڈی واسا عامر عزیز نے کہا کہ ہمیں اپنی آئندہ کی نسلوں کے لئے پانی کو محفوظ بنانے کے لئے جامع اور موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی کیونکہ پانی اللہ تعالی کی ایک عظیم نعمت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پینے کے پانی کو ضائع ہونے سے روکنا ہم سب کی اولین اور مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔انہوں نے واضح کیا کہ پانی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اس لئے اس کے کم سے کم اور ضرورت کے مطابق ہی استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے پانی بچا کے حوالے سے ایس او پیز جاری کئے ہیں جس پر واسا فیصل آباد میں مکمل عمل درآمد کروایا جارہا ہے۔ایم ڈی واسا نے اپیل کی کہ تمام گھروں میں اہلخانہ کو اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ گھروں میں واٹر سپلائی کی ٹوٹی اور پائپ کو ہر وقت کھلا نہیں چھوڑنا چاہیے اور پانی حاصل کرنے کے بعد اس بند کرنا لازمی ہے اسی طرح اگر واٹر سپلائی کا کوئی پائپ لیک ہے تو اسے فوری مرمت کروایا جائے۔ اسی طرح استعمال کئے جانیوالے پانی کو ضرورت کے مطابق ری یوز بھی کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں