فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے عین مطابق نوجوانوں میں آبادی کے بڑھتے ہوئے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل میں انکے اہم کردار پر روشنی ڈالنے کیلئے ”وزیراعلیٰ پاپولیشن مینجمنٹ پروگرام” کے تحت گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس پیپلز کالونی نمبر1میں سیمینار منعقد ہوا۔اس تقریب کا بنیادی مقصد طلبہ کو آبادی کے مربوط انتظام (انٹیگریٹڈ پاپولیشن مینجمنٹ) اور ملکی معیشت پر اس کے اثرات سے روشناس کرانا تھا۔ پروگرام کے دوران طلبہ کو دستاویزی فلم (ڈاکومنٹری) بھی دکھائی گئی جس میں آبادی کے کنٹرول کی اہمیت اور قومی ترقی میں نوجوانوں کی ذمہ داریوں کو موثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر کاشف حبیب نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا اصل اثاثہ ہوتے ہیں اور قومی ترقی کی رفتار کا انحصار مکمل طور پر ان کی بیداری اور شعور پر ہے۔ آبادی میں توازن برقرار رکھ کر ہی ہم آنے والی نسلوں کے لئے بہتر وسائل، تعلیم اور صحت کی سہولیات کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ نوجوانوں کو اس قومی مہم میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔




