وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکج کا70فیصد کام مکمل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج کا 70فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ مون سون کے اختتام کے ساتھ ترقیاتی کام پرزورانداز میں جاری کئے جائیں۔ یہ ہدایت سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل نے دورہ فیصل آباد کے دوسرے روز مختلف ترقیاتی سائٹس پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے دوران کی۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق او ر مینیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا، ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹرز شعیب ضیا، فرحان اکرم، ڈائریکٹر ٹیکنیکل حیات رندھاوا بھی موجود تھے۔ سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل نے گلستان انڈر گرائونڈ میگا واٹر سٹوریج ٹینک اور سمن آباد کالچ روڈ پائپ لائن اسکیم کا دورہ کیا جہاں پر ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت پر بریفنگ دی جس میں انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج کا 70فیصد کام مکمل جبکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا 24 فیصد کام مکمل کر لیا گیا اسی طرح پی ڈی پی کے تحت 116 کلومیٹر سیوریج لائنز بچھائی جا رہی ہیں۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ 56 کلو میٹرطویل بارشی پانی کے نکاس کے لیے ڈرینز بنائی جا رہی ہیں۔ سیکرٹری ہائوسنگ نور الامین مینگل نے تمام ترقیاتی سائٹس پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ عملے اور شہریوں کی حفاظت پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فیصل آباد کے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے گا اور فیصل آباد کی عوام کے سیوریج مسائل کو مکمل طور پر حل کیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں