لاہور(بیوروچیف) نرسری سے پانچویں جماعت تک نئے نصاب کی درسی کتب کو غلطیوں سے پاک بنانے کے لیے پیکٹا نے کتابوں کی نظرثانی کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعلی پنجاب نے پانچویں جماعت تک نئے نصاب کی منظوری دی تھی، جس کے تحت تعلیمی سال 2027-28میں طلبہ کو نیا نصاب پڑھایا جائیگا ۔ ذرائع کے مطابق نئے نصاب کو چھپائی کے لیے بھیجنے سے قبل غلطیوں کی نشاندہی کے لیے ماہرینِ تعلیم کو بھجوایا گیا ہے۔ نصاب میں متعدد غلطیوں کی نشاندہی کے باعث اسے دوبارہ نظرثانی کے لیے بھیجنا پڑا۔دوسری جانب پبلشرز نے پیکٹا سے نئے نصاب کی کتابیں جلد از جلد فراہم کرنیکا مطالبہ کیا ہے۔ پبلشرز کا کہنا ہے کہ نجی اسکولوں میں تعلیمی سال یکم جنوری سے شروع ہوتا ہے، اس لیے اگر بروقت چھپائی کا عمل مکمل نہ ہوا تو نیا نصاب مارچ تک بھی دستیاب نہیں ہو سکے گا۔محکمہ تعلیم کے مطابق ایک سے دو ہفتوں کے دوران نظرثانی کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نئے تعلیمی سال سے قبل نصاب مارکیٹ میں سو فیصد دستیاب ہوگا۔




