مکوآنہ (نامہ نگار) معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور امیدوار برائے یونین کونسل نمبر 2مکوآنہ میاں شاہد نذیر،معروف روحانی شخصیت پیرسیداحسان علی بہادرگیلانی،حاجی ملک مظہر اعوان،حاجی لیاقت علی ملک،رانانادرعلی زکی ، سید عنصرعباس شاہ نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول مکوآنہ کو ہائی سکول کا درجہ دلوانے پر ضلعی صدر مسلم لیگ (ن)و ٹکٹ ہولڈ ر این اے 99میاں قاسم فاروق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں قاسم فاروق نے اپنا وعدہ پورا کرکے علاقے کی بچیوں کے تعلیمی مستقبل کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قد م اٹھایا ہے۔معززین نے اپنے بیان میں کہا کہ گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول مکوآنہ کو ہائی سکول کا درجہ ملنا علاقے کے عوام، بالخصوص طالبات اور ان کے والدین کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ اس اقدام سے بچیوں کو اعلی تعلیم حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے اور انہیں اپنی تعلیم جاری رکھنے کیلئے دیگر علاقوں کا رخ کرنیکی مشکلات سے بھی نجات ملنے کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہوتی ہے، جبکہ بچیوں کی تعلیم پر توجہ دینا ایک روشن اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ مکوآنہ میں گرلز سکول کو ہائی سکول کا درجہ ملنے سے نہ صرف طالبات کو تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ والدین کی ایک دیرینہ ضرورت بھی پوری ہونے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔




