NHAکی اراضی قبضہ مافیاسے واگزار کرانے کا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) این ایچ اے کی تمام سرکاری اراضی پر قبضہ فوری واگزار کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ ایک انچ زمین بھی کسی کے قبضے میں نہیں رہنی چاہئے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں فیصل آباد، پنڈی بھٹیاں موٹر وے ایم فور کی توسیع کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے لاہور گوجرانولہ جی ٹی روڈ پر پیچ ورک فوری مکمل کرنے کا حکم دیا اور کہا این فائیو کی خراب صورتحال افسوسناک ہے۔ فوری بحالی عمل میں لائیں۔وفاقی وزیرمواصلات نے راولپنڈی، حسن ابدال کی چالیس کلومیٹر شاہراہ پر بھی کام کی رفتار تیز کرنیکی ہدایت کی۔ اجلاس میں راجن پور، روہڑی ستر کلومیٹر شاہراہ اور نوشہرہ پشاور کی اکتیس کلومیٹر روڈ پر تعمیراتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر مواصلات کو بتایا گیا کہ سمبڑیال کھاریاں موٹروے ایم بارہ کا اکیس فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ منصوبہ 2028کے ہدف سے6ماہ پہلے مکمل ہوگا۔ کھاریا ں راولپنڈی موٹروے کی تعمیر کے حل طلب امور سے بھی آگاہ کیا جائے۔ وفاقی وزیر مواصلا ت نے این ایچ اے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے محکمانہ امو ر تیزی سے نمٹانے،موٹرویز کے درمیان گرین ایریاز اور شاہراہوں پر خاص فاصلے کے بعد ریسٹ ایریاز کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ اسی ہفتے فیصل آباد کا دورہ کریں گے اور موقع پر کاموں کا جائزہ لیں گے۔ لیہ،تونسہ اور ملتان جبکہ میانوالی اور لودھراں ملتان کی شاہراہوں کا بھی معائنہ کریں گے۔ اجلاس میں این ایچ اے کے پنجاب ریجن سمیت دیگر زو نز میں جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات اورچیئرمین این ایچ اے سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں