فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہروں اور تحصیلوں کو صاف ستھرا، خوبصورت اور بہتر شہری سہولیات سے آراستہ کرنے کے پروگرام ون ویک، ون تحصیل کے سلسلے میں اس بار تحصیل چک جھمرہ میں خصوصی صفائی، تزئین و آرائش اور ترقیاتی اقدامات کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت پیشگی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہواجس میں آئندہ بدھ کو تحصیل چک جھمرہ میں منعقد ہونے والے پروگرام کے انتظامات، جاری کاموں اور محکموں کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انور علی کانجو،اسسٹنٹ کمشنرسٹی رنگزیب گورایہ سمیت واسا، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ بعض اسسٹنٹ کمشنرز ودیگرافسران آن لائن بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں تحصیل چک جھمرہ کی اہم شاہراہوں، چوکوں،گرین بیلٹس اور عوامی مقامات کی صفائی، مرمت اور خوبصورتی کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں اور پروگرام سے قبل تمام ٹاسک مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں۔




