فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)انڈر19ویمنز ٹی 20تین ملکی سیریز میں سری لنکا نے پاکستان کو6وکٹوں سے شکست دے دی۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شہر بانو 24 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں، جبکہ سری لنکا کی لیمانسا تھلا کرتنے نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں سری لنکا نے106 رنز کا ہدف 13.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سری لنکا کی سنجنا کویندی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے28 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ سیریز کا آخری لیگ میچ 14 اکتوبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 16 اکتوبر کو ہوگا، جس میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔




