جڑانوالہ(نامہ نگار) 240موڑ پر دوران ڈیوٹی ٹریفک وارڈن طفیل کھوکھر نے مبینہ طور پر شہریوں کیساتھ ہتک آمیز رویہ کو اپنا وطیرہ بنا لیا،عوامی سماجی حلقوں کا سی ٹی او فیصل آباد سے فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ٹریفک وارڈن اندرون شہر کے داخلی خارجی راستوں پر ٹریفک کے بہائو کو کنٹرول کرنے اور ہیلمٹ کے استعمال کی پابندی پر عملدرآمد کروانے کیلئے ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں مگر 240 موڑ سٹاپ پر دوران ڈیوٹی وارڈن طفیل کھوکھر نے اپنے من پسند ناکہ کو مبینہ طور پر نہ صرف کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے بلکہ شہریوں کیساتھ ہتک آمیز رویہ کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے گاڑیوں میں فیملی کے ساتھ بیٹھے شہریوں کی مبینہ طور پر تضحیک کی جاتی ہے اور غیر مناسب طریقہ سے پریشان کیا جاتا ہے عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کے بہائو کو کنٹرول کرنے والے وارڈنز کو دوران ڈیوٹی شہریوں کیساتھ احسن سلوک سے پیش آنا چاہیے۔ عوامی سماجی حلقوں نے سی ٹی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ 240موڑ سٹاپ پر دوران ڈیوٹی طفیل کھوکھر کے مبینہ طور پر غیر اخلاقی رویہ کا فی الفور نوٹس لیا جائے اور جڑانوالہ سے فیصل آباد تبادلہ کیا جائے بصورت دیگر شہری پر امن احتجاج کا حق حاصل کرتے ہیں جسکی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گی۔




