ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) سندیلیانوالی میں اسسٹنٹ کمشنر ذوالفقار صابر کی قیادت میں بڑے پیمانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جس دوران غیر قانونی تھڑے، شیڈز اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔ بازاروں کو کشادہ کر دیا گیا جس سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئی۔انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے اور عوامی سہولت کے لیے تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ذوالفقار صابر نے کہا کہ سڑکوں اور بازاروں کو کشادہ اور خوبصورت بنانا اولین ترجیح ہے۔ شہری انتظامیہ سے تعاون کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہریوں نے بھی انتظامیہ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف بازار کھلے اور پرکشش ہو گئے ہیں بلکہ آمدورفت میں بھی آسانی پیدا ہو گئی ہے۔




