ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گندم کی کاشت کا ہدف 3لاکھ25ہزار ایکڑ مقرر

ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ”گندم اگائو مہم”کے تحت زرعی سرگرمیوں کو تیز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی اور سب کمیٹی ایگریکلچر ٹاسک فور س کا اجلاس ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر نوشیر علی خان، کسان رہنما، ڈیلرز، سیڈ کمپنیوں کے نمائندگان، محکمہ انہار، واٹر مینجمنٹ، لائیو اسٹاک، پیسٹی سائیڈز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زرا عت نے بتایا کہ ضلع میں گندم کی کاشت کا ہدف 3 لاکھ 25ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے جبکہ8ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی پر بھی گندم کاشت کی جائیگی ۔ ضلع میں گندم کا بیج ہدف سے زائد مقدار میں دستیاب ہے اور اعلی کوالٹی کے بیج و کھاد کسانوں کو فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 44 زرعی انٹرنز فیلڈ میں متحرک ہیں جو کاشتکاروں کو جدید زرعی تکنیک، مٹی کی تیاری، آبپاشی کے موثر طریقوں اور کھاد کے متوازن استعمال کے بار ے میں رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ اب تک 13 ہزار 408کسانوں کو کسان کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ کاشتکاروں کو بغیر سود قرضے بھی فرا ہم کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومتِ پنجاب اور نجی شعبے کے درمیان کاشتکاروں سے 3500روپے فی من کے حساب سے گندم خریدنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں