اسلام آباد (بیوروچیف) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے سیلز ٹیکس ریٹرن فائلنگ کے نظام میں شفافیت اور کنٹرول بڑھانے کیلئے اہم اقدامات متعارف کرا دیے ہیں۔ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان کو مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے مینوفیکچررز کیلئے اسٹاک سے متعلق مسائل حل کر دیے گئے ہیں، جبکہ کلوزنگ اسٹاک ویلیوز کو قابلِ ترمیم قرار دیا گیا ہے۔نئی سہولت کے تحت ٹیکس دہندگان اب اپنے کلوزنگ اسٹاک کی ویلیوز خود ایڈٹ کر سکیں گے، جس سے ڈیٹا کی درستگی اور ریکارڈ مینجمنٹ مزید آسان ہو جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ غلطیوں کی فوری درستگی سے ٹیکس گزاروں کو سہولت میسر آئے گی اور ری کنسیلی ایشن کا عمل بھی زیادہ موثر اور آسان ہو جائے گا۔ایف بی آر کے مطابق یہ اقدامات ٹیکس سسٹم کو مزید صارف دوست بنانے اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ٹیکس کمپلائنس کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ادارے نے تمام ٹیکس دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ نئی اپ ڈیٹ کے مطابق فوری ضروری اقدامات کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔




