اسلام آباد (بیوروچیف) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت اور امن پسند ملک ہے جس نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کو اس کے جائز آبی حقوق سے محروم کرنے کے لیے بھارت کا کوئی بھی یکطرفہ اقدام اعلانِ جنگ تصور ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں فن لینڈ کے نائب وزیر برائے بین الاقوامی تجارت عزت مآب مسٹر جارنو سیرجالا اور فن لینڈ کے اعلیٰ سطحی کاروباری وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان 75 سالہ سفارتی دوستی کو متحرک اور نتیجہ خیز اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس دورے کو تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ 75 سال میں پہلی مرتبہ فن لینڈ کا وزارتی سطح کا کاروباری وفد پاکستان آیا ہے۔ انہوں نے ٹیلی کمیونیکیشن، جدید صنعت سازی، قابلِ تجدید توانائی، معدنیات، مصنوعی ذہانت اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات اجاگر کیے اور اقتصادی تعاون کے لیے منظم مذاکراتی عمل، مشترکہ اقتصادی کمیشن اور دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کی تجویز پیش کی۔پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ پارلیمانی تبادلوں، پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط، تعلیمی و ثقافتی تبادلے اور کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی تعلقات دیرپا دوستی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے فن لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل قرار دیا اور وفد کو انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔فن لینڈ کی تعلیم، جدت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عالمی مہارت کو سراہتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے فنی و پیشہ ورانہ تربیت، نرسنگ، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور ڈیجیٹل مہارتوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے قابلِ تجدید توانائی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، آبی وسائل کے انتظام، پائیدار زراعت اور معدنیات کی پراسیسنگ کے شعبوں میں فن لینڈ کی مہارت سے استفادہ کرنے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبے معاشی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے سینیٹ آف پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی دورہ اور فن لینڈ پاکستان بزنس سمٹ 2026ء تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل پارلیمانی روابط، کاروباری شراکت داری اور عوامی سطح پر قریبی تعلقات پاکستان اور فن لینڈ کی دیرینہ دوستی کو باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور خوشحالی پر مبنی مستقبل کی شراکت داری میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔




