فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کے افسروں اور ورکروں کی سستی’ غفلت اور لاپرواہی سے فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال ابتر’ سول لائن گورایہ روڈ پر بھی کوڑا کرکٹ کے ڈھیر جمع’ ماحول تعفن زدہ ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی’ شہری حلقوں کا صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنانے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ مختلف علاقوں میں کوڑا کرکٹ جمع ہونے کے باعث وہاں سے اٹھنے والے تعفن نے شہریوں کا ناک میں دم کر رکھا ہے اور لوگوں کی جانب سے صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنانے کا بار بار مطالبہ کرنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہونا لمحہ فکریہ ہے، فیصل آباد کے معروف علاقہ گورایہ روڈ سول لائن پر بھی کوڑا کرکٹ کا ڈھیر لگ چکا ہے اور اس بڑے ڈھیر سے اٹھنے والے تعفن نے ماحول کو آلودہ بنا دیا ہے۔ شہری حلقوں نے فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کے افسروں اور ورکروں کی نااہلی کا فوری نوٹس لیا جائے اور شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنانے کیلئے موثر ترین حکمت عملی کے تحت بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کو صاف ستھرا ماحول میسر ہو سکے۔




