لاہور (سپورٹس نیوز) سائوتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اگلے سال پاکستان میں 3 سے 11 اپریل تک ہونے والے سائوتھ ایشین گیمز کے شیڈول کی منظوری دے دی۔ سائوتھ ایشین گیمز میں 28مردوں اور 25خواتین کے کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جب کہ رکن ممالک کے 4,200 سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز شرکت کریں گے۔ سائوتھ ایشین گیمز میں 346 گولڈ میڈلز کے لیے مقابلے ہوں گے جو اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں منعقد کیے جائیں گے۔ صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف سعید نے کہا کہ پاکستان سیف گیمز کی میزبانی کے لیے تیار ہے، حکومت گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے بھرپور سپورٹ کر رہی ہے اور سائوتھ ایشین گیمزکے انعقاد کو شاندار بنائیں گے۔ شیڈول کی منظوری سائوتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سری لنکا، بنگلادیش، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے وفود نے شرکت کی، جب کہ سیکریٹری پی او اے خالد محمود اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے حکام بھی شریک ہوئے۔




