لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر راشد لطیف نے پاکستان میں وکٹ کیپرز کے مستقبل کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا المیہ ہے کہ وکٹ کیپرز کی جگہ اب سٹاپر آنا شروع ہو گئے ہیں جو بیک وقت اچھی وکٹ کیپنگ نہیں کر پا رہے ہیں ۔سرفراز اور رضوان کے بعد جتنے بھی وکٹ کیپرز آزمائے گئے یا آزمائے جا رہے ہیں وہ سب بیٹسمین ہیں اور ان کے ہاتھوں میں دستانے پہنا دیئے جاتے ہیں ۔ راشد لطیف نے کہا کہ وکٹ کیپنگ کرنے کی وجہ سے ان کا کوئی مستقل بیٹنگ کا نمبر نہیں ہوتا وہ ڈومیسٹک میں اوپن یا ون ڈاون بیٹنگ کرتے ہیں لیکن پاکستان ٹیم میں ان کا نمبر نیچے ہوتا ہے ۔جب وہ پہلی اننگز میں وکٹ کیپنگ کر چکے ہوتے ہیں تو ان کو بہت انٹظار کرنا پڑتا ہے ۔




