پاکستان کا بھارت میں اوور50 کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

لاہور(سپورٹس نیوز) پاکستان نے بھارت میں شیڈول اوور50کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 23جنوری سے 7فروری 2027 تک حیدرآباد دکن میں شیڈول ہے جس کے لیے پاکستان کی اوور 50کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے حکومتی اجازت نہیں مل سکی۔پاکستان نے 2025میں سری لنکا میں ہونے والا اوور 50کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا اور پاکستان کو دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کرنی تھی۔اس حوالے سے چیئرمین پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن فواد اعجاز خان کا کہنا ہے کہ بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں اور اعلی سطح کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔فواد اعجاز خان نے کہا کہ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے شرکت کی اجازت طلب کی تھی جس کے بعد چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شرکت کی اجازت نہ دینے سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اجازت نہ ملنے پر ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم حکومت پاکستان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کا بیان میں کہنا ہے کہ پاکستان کے اپنے عالمی اعزاز کا دفاع نہ کر پانے پر افسوس ہے، ورلڈ کپ کے منتظمین اور شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں