اسلام آباد (بیورو چیف)ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ سال 2024ـ2025 میں پاکستا ن میں ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان کے 96 فیصد گھرانوں کو موبائل یا اسمارٹ فون کی سہولت حاصل ہے اور ملک میں70 فیصد سے زائد گھرا نے انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں۔ ادارہ شماریات نے بتایاکہ2019 کے مقابلے میں انٹرنیٹ استعمال میں دوگنا سے زائد اضافہ ہواہے، خیبر پختونخوا ڈیجیٹل رسائی میں77 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے جہاں انفرادی سطح پر انٹرنیٹ استعمال17 فیصد سے بڑھ کر57 فیصد ہو گیا۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 92 فیصد افراد موبائل فون استعمال کر رہے ہیں، شہری علاقوں میں خواتین کا انٹرنیٹ استعمال مردوں سے زیادہ ہے، خواتین اور مرد مجموعی طور پر انٹرنیٹ یکساں طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ ڈیجیٹل آگاہی، آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل مہارتوں میں بہتری آئی ہے۔




