لاہور (بیوروچیف) ڈی آئی جی ٹریفک نے صوبہ بھر میں پریشر ہارن اور مسلسل ہارن کے غلط استعمال کے خلاف سخت کریک ڈائون کا حکم دے دیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق پنجاب بھر میں پریشر ہارن کے استعمال پر آج سے سخت پابندی عائد ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام چیف ٹریفک افسران (سی ٹی اوز) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران (ڈی ٹی اوز) کو ہدایت کی ہے کہ پریشر ہارن کے استعمال پر بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔حکام کے مطابق ہسپتالوں، درسگاہوں، ایمرجنسی سینٹرز اور دیگر غیر ممنوعہ علاقوں میں ہارن کے غیر ضروری استعمال کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، جبکہ مسلسل اور لگاتار ہارن بجانے والوں کو بھی قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ڈی آئی جی ٹریفک نے کمرشل گاڑیوں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی گاڑیوں سے پریشر ہارن اتار دیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اعداد و شمار کے مطابق رواں سال پریشر ہارن اور مسلسل ہارن کے استعمال پر 3 لاکھ 83 ہزار سے زائد شہریوں کے چالان کیے جا چکے ہیں، جبکہ لاہور ٹریفک پولیس نے ہارن کے غلط استعمال پر 48 ہزار شہریوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو غیر ضروری شور اور صوتی آلودگی سے بچانے کے لیے کریک ڈائون کو موثر بنایا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔




