پنجاب اسمبلی میں غیر منقولہ جائیداد کی تقسیم کا ترمیمی بل پیش

لاہور(بیوروچیف) جائیداد تقسیم کرنے کے قانون میں مزید وضاحت کے لئے ترمیمی بل پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔پنجاب غیر منقولہ جائیداد کی تقسیم (ترمیمی) بل 2025کے تحت پنجاب غیر منقولہ جائیداد کی تقسیم ایکٹ 2012میں ترامیم کی تجویز دی گئی، بل رکن اسمبلی امیر محمد خان نے گزشتہ اجلاس میں پیش کیا۔ ترمیمی بل کے تحت تعمیر شدہ رقبہ زرعی رقبے سے زیادہ ہو تو معاملہ سول کورٹ دیکھے گی، ایکٹ کی شق 8میں لفظ حکم نامہ کی جگہ ابتدائی حکم نامہ شامل کرنے کی تجویز دی گئی، شریک مالکان اگر ریفری پر متفق نہ ہوں تو عدالت خود مناسب ریفری مقرر کریگی۔بل کے متن کے مطابق اس سے پہلے شریک مالکان متفق نہ ہونے پر عدالت کے پاس مناسب ریفری مقرر کرنے کا اختیار نہیں، اصل قانون میں وضاحت نہیں تھی کہ اگر کسی جائیداد میں زرعی اور تعمیر شدہ دونوں حصے ہوں تو کس عدالت کو اختیار ہوگا۔متن میں کہا گیا ہے کہ ترمیم سے واضح ہو گا کہ اگر تعمیر شدہ رقبہ زیادہ ہو تو سول کورٹ کیس سنے گی، ترامیم کے بعد تقسیم کے مراحل میں ابہام نہیں رہے گا۔، ترامیم سے جائیداد کی تقسیم کے معاملات رکے بغیر آگے بڑھ سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں