پشاور(بیورو چیف)پنجاب سے خیبر پختونخو ا کو گندم کی ترسیل پر عائد پابندی کے خاتمے کے حوالے سے سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ، تمام پارلیمانی لیڈرز اور سیاسی جماعتوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے صوبے کے عوام کے وسیع تر مفاد میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے اندر تمام سیاسی قیادت نے متحد ہو کر عوامی مفاد کے لیے آواز بلند کی، جس کے نتیجے میں وفاقی حکومت کو یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پورے صوبے اور عوام کی کامیابی ہے۔سپیکر نے تمام سیاسی و پارلیمانی قیادت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی صوبے کے حقوق اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے اسی طرح اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا جاتا رہے گا۔




