لاہور( بیورو چیف)لوڈشیڈنگ کا جن پھر بوتل سے نکل آیا، شہر میں جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔مختلف شہری علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہونے لگی، لیسکو کی بجلی کی طلب 3500میگاواٹ ہے جبکہ این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 3000 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 5سے 6گھنٹے تک ہے،جنریشن میں کمی اور شدید دھند کے باعث ٹرانسمیشن لائنوں کی ٹرپنگ بھی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔علاوہ ازیں جنوبی پنجاب میں شدید دھند کے باعث این ٹی ڈی سی کی ہائی ٹرانسمیشن لائنو ں میں ٹرپنگ جاری ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔لیسکو ریجن میں ہفتہ وار پانچ سے چھ گھنٹے کا شٹ ڈائون کا سلسلہ بھی جاری ہے۔




