لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب کے اعلان کردہ ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآ مد جاری ہے۔ محکمہ مواصلات نے صوبے بھر میں متعدد شاہرا ہو ں کی بحالی کے منصوبے مکمل کر لیے ہیں۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ کے افسران نے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں لاہور، جہلم، خوشاب، پاکپتن، مظفر گڑھ، مری، اٹک، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان کی شاہراہو ں پر جاری اور مکمل منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ لاہور میں واہگہ بارڈر تا قائداعظم انٹرچینج 13 کلومیٹر طویل منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ پاکپتن میں 9 ارب روپے کی لاگت سے 360 کلومیٹر طویل متعدد شاہراہوں کو بحال کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 7.6ارب روپے کی لاگت سے ساہیوال، عارف والا، بہاولنگر شاہراہ کے میگا منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔




